جولائی کے چوتھے ہفتے میں پاکستان آؤں گا، اسحاق ڈار

 


اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون 2022ء) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جولائی کے چوتھے ہفتے میں پاکستان آؤں گا، وطن واپسی سے قبل وکلاء حفاظتی ضمانت کرائیں گے، وزیرخزانہ بننے کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان واپسی کا فیصلہ نوازشریف کے کہنے پر کیا، وطن واپسی پر شہبازشریف کی رضا مندی بھی شامل ہے، جولائی کے چوتھے ہفتے میں پاکستان آؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے تحریک انصاف حکومت نے انتقام کا نشانہ بنایا، وطن واپسی سے قبل وکلا میری حفاظتی ضمانت کیلئے رجوع کریں گے، وزیرخزانہ بننے کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ پاکستان واپسی کی تیاریوں میں مصروف ہوں، ڈاکٹرز چند روز میں علاج کے مکمل ہونے کے بارے میں پُرامید ہیں، پاکستان واپسی پر بطور سینیٹر حلف اٹھاؤں گا، وزیرخزانہ کا قلمدان سنبھالنے کا فیصلہ قیادت کا ہوگا۔

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ مجھ پر ایک ہی کیس ہے جو عمران خان کی جانب سے کیا گیا، عمران نیازی کی جانب سے سیاسی بنیاد پر دائر کیا جانے والا مقدمہ جعلی ہے، ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں کبھی تاخیر نہیں کرتا۔ یاد رہے دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کے سابق وزیرخزانہ سینیٹراسحق ڈار کو جلد پاکستان بھجوانے کی درخواست پر پارٹی قائد نوازشریف نے انہیں ملک واپس بھجوانے کی منظوری دے دی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسحاق ڈار وطن واپسی پربطور سینیٹر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ جبکہ مقدمات کا بھی سامنا کریں گے، مقدمات کے فیصلوں کو مدنظر رکھ کر وزارت خزانہ کے امور سنبھالیں گے۔ لیکن اس دوران اسحاق ڈار حکومتی ٹیم کی وزارت خزانہ اور معاشی امور میں رہنمائی کریں گے، اسحاق ڈار کی حفاظتی ضمانت کیلئے وکلا جلد درخواست دائر کریں گے۔ یاد رہےکہ سابق وزیرخزانہ نومبر2017 میں علاج کی غرض سے لندن گئے تھے، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کیخلاف مختلف مقدمات ہیں، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اثاثہ جات کی 22 سالہ تفصیلات جمع نہیں کرائیں، اثاثہ جات کا32 سال کا ریکارڈ پہلے ہی جمع کرا رکھا ہے۔

1/Post a Comment/Comments

Post a Comment